انسانی سوچ سے روبوٹ کو کنٹرول کرنے والی ٹیکنالوجی
شنگھائی: (ٹیکنالوجی ڈیسک) چین کی کمپنی "برین کو" نے شنگھائی میں ہونے والی ورلڈ اے آئی کانفرنس 2026ء میں "برین ٹو روبوٹ" ٹیکنالوجی متعارف کرا دی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے انسان بغیر دماغ کی سرجری کے صرف اپنے خیالات کے ذریعے روبوٹ کو کنٹرول کر سکے گا۔ اس نظام میں سرجری یا دماغ میں چپ لگانے کی کوئی ضرورت نہیں ہو گی۔
اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کیلئے صارف کو صرف ہلکا سا ہیڈ سیٹ پہننا پڑے گا۔ ہیڈ سیٹ دماغ کی برقی سرگرمی، یعنی ای ای جی، کو ریکارڈ کرتا ہے۔ اس کے بعد مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر ان دماغی سگنلز کا تجزیہ کرتا ہے، صارف کی سوچ کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہے اور پھر روبوٹ کو اسی کے مطابق حرکت کرنے کا حکم دیتا ہے۔
مظاہرے میں ایک روبوٹک بازو نے صرف سوچ کے ذریعے کپ اٹھانے میں کامیابی حاصل کی۔ کمپنی کا کہنا ہے یہ سسٹم روبوٹک بازو، ہیومنائیڈ روبوٹ اور روبوٹک کتوں کو بھی چلا سکتا ہے۔ کمپنی کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ 10 منٹ کی ٹریننگ سے کوئی بھی شخص اسے سیکھ سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ ٹیکنالوجی کامیاب رہی تو معذور افراد مصنوعی اعضا اور وہیل چیئر صرف اپنے خیالات سے چلا سکیں گے۔