پونچھ ڈویژن میں پولنگ شیڈول کے مطابق ہوں گے: الیکشن کمیشن
مظفرآباد: (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ پونچھ ڈویژن کے تمام حلقوں میں پولنگ 10 اگست کو جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔ انہوں نے انتخابات ملتوی ہونے کی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ووٹرز افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مقررہ تاریخ پر اپنا حقِ رائے دہی ضرور استعمال کریں۔
ترجمان کے مطابق اگر پولنگ شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو الیکشن کمیشن بروقت باضابطہ اعلان کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت انتخابات کے پروگرام میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔ لہٰذا سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران سوشل میڈیا پر پونچھ اور سدھنوتی کے بعض حلقوں میں انتخابات ملتوی ہونے کی خبریں گردش کرتی رہیں۔ ان افواہوں کے باعث انتخابی ماحول میں مزید غیر یقینی پیدا ہوئی، جبکہ ان علاقوں میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے باعث پہلے ہی صورتحال حساس سمجھی جا رہی تھی۔ دوسری جانب آزاد کشمیر کے پہلے دو انتخابی مراحل مکمل ہو چکے ہیں، جہاں مسلم لیگ (ن) کو برتری حاصل ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی نے بعض حلقوں کے نتائج پر تحقیقات کا مطالبہ کر رکھا ہے۔