ای۔ر۔ان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات سے متعلق قطر نے اہم بیان جاری کر دیا
دوحہ: (ویب ڈیسک) قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ امریکا اور ای ران کے درمیان ابھی تک کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچا جا سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ فریق قابلِ قبول حل کی تلاش میں سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے گھنٹوں یا دنوں میں صورتحال میں مثبت تبدیلی آ سکتی ہے۔
ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں کشیدگی کم کرنا اور مذاکراتی عمل کو دوبارہ فعال بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ جنگ بندی ہی مذاکرات کی بحالی کی بنیاد بن سکتی ہے۔ ان کے مطابق تمام فریقوں کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو خطے میں مزید تناؤ کا باعث بنیں۔
ترجمان نے کہا کہ قطر آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی اور تجارتی بحری راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سرگرم ہے۔ ان کے مطابق قطر، پاکستان اور عمان ثالثی کے عمل میں رابطوں، تجاویز کے تبادلے اور اعتماد سازی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی ہے کہ خطے میں استحکام اور مذاکرات کی بحالی کیلئے سفارتی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔