پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 11 ارب روپے سے زائد کے جرمانے عائد

image


لاہور: (نیوز ڈیسک) پنجاب پولیس نے رواں سال کی ٹریفک کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں 48 لاکھ 43 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر 58 لاکھ 30 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے چالان کیے گئے ہیں۔ ان خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 11 ارب 16 کروڑ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون شکنی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے دھواں چھوڑنے والی 45 ہزار 881 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔ اسی طرح 6 ہزار 871 گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔ آئی جی پنجاب نے  قوانین کی خلاف ورزی اور جرمانے جمع نہ کرانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔