ایرانی پاسداران انقلاب کا امریکی عسکری تنصیبات پر کاری ضرب لگانے کا دعویٰ

image

تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے دعویٰ کیا ہے کہ 8 سے 22 جولائی تک جاری رہنے والی 15 روزہ کارروائیوں میں امریکی فوجی تنصیبات کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ ان کے مطابق حملوں میں ریڈار، فضائی دفاع اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں کے بعد پیٹریاٹ دفاعی نظام کی صلاحیت نمایاں حد تک متاثر ہوئی۔ آئی آر جی سی کے مطابق حملوں کے دوران لڑاکا طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی مرمت کے مراکز، لاجسٹک تنصیبات، ایندھن کے ذخائر اور اسلحہ گوداموں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ان اہداف کو تباہ کرکے امریکی فوج کی آپریشنل صلاحیتوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان کے بقول ان کارروائیوں کے دوران متعدد میزائل ذخیرہ خانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان کے مطابق آپریشنل انفرااسٹرکچر، ڈرون ہینگرز، ایف-15 طیاروں کی تنصیبات، ہیمارس میزائل پلیٹ فارمز اور دیگر اہم عسکری مراکز کو بھی نقصان پہنچا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ زمین پر موجود متعدد لڑاکا طیارے، ہیلی کاپٹر، جاسوس ڈرونز، سی-17 ٹرانسپورٹ طیارہ اور فضائی ریفیولنگ طیارے بھی حملوں سے متاثر ہوئے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق سامنے نہیں آئی۔