بھارت میں ایک اور پیپر لیک کی بازگشت

image


نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں نیٹ پیپر لیک کے معاملے کی بازگشت ابھی ختم بھی نہیں ہوئی تھی کہ گجرات سے ایک اور امتحانی اسکینڈل سامنے آ گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جام نگر کی آیوروید یونیورسٹی میں بی اے ایم ایس تھرڈ ایئر کے ایم ایس سرجیکل سسٹم کا پرچہ امتحان سے پہلے واٹس ایپ پر وائرل ہو گیا۔ اس نئے واقعے نے بھارتی نظامِ تعلیم کی شفافیت پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مذکورہ یونیورسٹی سے 20 سے 25 کالج وابستہ ہیں، جہاں ہزاروں طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔ پیپر لیک کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد طلبہ میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور ان کے مستقبل کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ امتحان کے 12 میں سے 11 سوالات پہلے ہی سوشل میڈیا پر گردش کر رہے تھے۔

معاملہ منظرِ عام پر آنے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ تاہم انتظامیہ نے دیگر مضامین کے امتحانات معمول کے مطابق جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب طلبہ اور والدین کی نظریں تحقیقات کے نتائج اور یونیورسٹی کے آئندہ فیصلوں پر مرکوز ہیں۔