عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کا حکم
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو اگلی سماعت تک شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے عمران خان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور انہیں سخت سکیورٹی میں اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ اسپتال کے باہر امن و امان کی صورتحال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور علاج سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران جسٹس شاہد وحید نے استفسار کیا کہ عمران خان کا مکمل میڈیکل ریکارڈ فراہم کرنے میں کیا مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت کو فراہم کیا گیا مواد صرف میڈیکل رپورٹ کی سمری ہے۔ جسٹس شاہد وحید نے آئندہ سماعت سے قبل بانی پی ٹی آئی کا تمام میڈیکل ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ عدالت میں آنے کے بعد خفیہ نہیں رہے گا۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے رپورٹ میں انجیوگرافی کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا جیل میں انجیوگرافی ممکن ہے، جس پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ یہ باہر اسپتال میں ہوسکتی ہے۔ جسٹس شاہد وحید نے میڈیکل رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی نبض اور دل کی حالت نارمل نہیں اور وائیٹل آرگنز متاثر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ عدالت نے بہنوں سے ملاقات کے معاملے پر بھی قرار دیا کہ ملاقات کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق ہے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔