تربیلہ غازی میں سیلاب کی تباہ کاری سے متعدد مقامات زیرِ آب، دیواریں زمین بوس، متاثرین مدد کے منتظر

image


تربیلہ غازی: (نیوز ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے تربیلا غازی، بالخصوص میاں ڈھیری، نقارچیاں اور ان سے ملحقہ گردونواح کے متعدد گاؤں میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پہاڑوں سے آنے والے سیلابی ریلوں کے شدید بہاؤ کے باعث جھاڑیاں چوک کے قریب پُلیاں اسٹاپ سے ملحقہ مین شاہراہ کے قریب دو سے تین مقامات پر برساتی نالے کے بند ٹوٹ گئے، جس کے نتیجے میں پانی تیزی سے آبادیوں اور دیگر علاقوں کی جانب پھیل گیا اور سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

سیلابی پانی کے باعث متعدد مقامات پر سڑکیں، راستے، رہائشی علاقے، کھیت اور دیگر مقامات متاثر ہوئے ہیں۔ بعض مقامات سے دیواروں اور مکمل مکانات کے زمین بوس ہونے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی سطح پر پیدا ہونے والی اس صورتحال میں متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد، محفوظ مقامات تک رسائی اور ضروری سہولیات کی ضرورت ہے۔ حالیہ سیلاب سے تربیلا غازی، میاں ڈھیری، نقارچیاں اور گردونواح میں تباہکاریوں کی صورتحال کے تازہ مناظر اور زمینی حقائق کے پیشِ نظر لوگ امدادی سرگرمیوں کے منتظر ہیں اور اربابِ اختیار سے مطالبات پورے ہونے تک سراپا احتجاج ہیں۔