اترپردیش میں پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکا، 8 بچوں سمیت 11 افراد ہلاک

image


نئی دہلی: (ویب ڈیسک) اترپردیش کے ضلع کوشامبی میں پٹاخوں کی ایک غیر قانونی فیکٹری میں زوردار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 8 بچوں سمیت 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بھارتی حکام اور پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا اور فیکٹری زرعی کھیتوں کے درمیان ایک گھر میں غیر قانونی طور پر چلائی جا رہی تھی۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور تک سنی گئی اور فیکٹری کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی۔

دھماکے کے بعد فیکٹری میں موجود پٹاخوں میں وقفے وقفے سے مزید دھماکے ہوتے رہے اور علاقے میں دھویں کے سیاہ بادل چھا گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 8 بچے شامل ہیں، جن میں سے چار کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے۔ زخمیوں کو پریاگ راج کے ایس آر این اسپتال اور ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق فیکٹری کا لائسنس 2024ء میں منسوخ کیا جاچکا تھا، اس کے باوجود یونٹ غیر قانونی طور پر چل رہا تھا۔ پولیس نے فیکٹری مالکان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا اور ایکسپلوزوز ایکٹ کی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ مرکزی ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے مختلف ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔