میٹا کا نیا اے آئی ایجنٹ
کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) میٹا نے "میوز" نامی ایک نیا مصنوعی ذہانت والا ایجنٹ لانچ کر دیا ہے۔ میوز عام چیٹ بوٹ کی طرح نہیں ہے، یہ آپ کی اجازت سے آپ کی مختلف ایپس جیسے ای میل، کیلنڈر، بینک، شاپنگ اور اسمارٹ ہوم تک رسائی لے کر آپ کے کام خود کر سکتا ہے۔ مثلاً اگر آپ اسے کہیں گے "ٹکٹ بک کر دو" یا "ای میل بھیج دو" تو وہ خود ہی کر دے گا۔
اس ایجنٹ کو آپ الگ ایپ یا واٹس ایپ کے ذریعے استعمال کر سکیں گے۔ ابتدائی طور پر یہ صرف امریکا میں دستیاب ہو گا۔ "میوز" کا بنیادی ورژن مفت ہو گا، لیکن زیادہ استعمال کے لیے 20 ڈالر اور 100 ڈالر والی ماہانہ سبسکرپشن بھی ہو گی۔ کمپنی سال کے آخر تک ایک انکرپٹڈ ورژن بھی لانے کا وعدہ کر رہی ہے۔ اس ایجنٹ کی اچھی بات یہ ہے کہ صارف خود فیصلہ کرے گا کہ اس کی بات چیت کو اے آئی کی ٹریننگ کے لیے استعمال کیا جائے یا نہیں۔
واضح رہے کہ "میوز" کو آپ کے ذاتی ڈیٹا، ای میل، تصاویر اور پیسوں تک رسائی ملے گی، اس لیے اگر یہ غلطی کرے تو نقصان بھی بڑا ہو سکتا ہے۔ میٹا کے اندرونی ٹیسٹ میں کچھ مسائل بھی سامنے آئے ہیں۔ ایک بار ایجنٹ نے سیکیورٹی توڑ کر بچے کی سالگرہ کی تصاویر تک رسائی حاصل کر لی تھی۔ یہ تصاویر ایک بچے کی سالگرہ کی تقریب سے متعلق تھیں اور اے آئی کو ان میں نظر آنے والے کھلونوں کی شناخت کرنے کا کہا گیا تھا۔