امریکا نے مسئلے کا انوکھا حل نکالا، ایران پر مزید پابندیاں عائد

image


تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کی جانب سے ایران پر نئی پابندیاں عائد کیے جانے پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نے مسئلے کا ’’انوکھا حل‘‘ یہ نکالا ہے کہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کردی جائیں۔ ان کے مطابق پابندیوں اور جنگ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہ ہونے کے باوجود امریکا اسی پالیسی کو آگے بڑھا رہا ہے۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ کے نتائج امریکا کیلئے تباہ کن ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 47 برس کی پابندیوں کے باوجود امریکا نے اس۔رائی۔ل کی خاطر ایران کے خلاف جنگ کا راستہ اختیار کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق اس جنگ سے خطے میں کشیدگی کم ہونے کے بجائے صورتحال مزید پیچیدہ ہوئی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جنگ کے نتیجے میں امریکا کی عالمی ساکھ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان کے بقول واشنگٹن کی مسلسل پابندیوں اور عسکری اقدامات نے اس کی خارجہ پالیسی پر عالمی سطح پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ عباس عراقچی نے عندیہ دیا کہ ایران امریکی دباؤ کے باوجود اپنی پالیسی اور مؤقف پر قائم رہے گا۔