برطانیہ کا فضائی نظام تکنیکی خرابی سے مفلوج

image


لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے فضائی ٹریفک کنٹرول سسٹم میں اچانک تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ ہزاروں ملکی و غیر ملکی مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں بڑے مسئلے کی نشاندہی کے بعد انجینئرز نے فوری طور پر خرابی دور کرنے کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔ اس دوران برطانیہ کے مختلف ایئرپورٹس سے تقریباً ایک ہزار پروازیں منسوخ یا متاثر ہوئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سمیت دیگر ایئرپورٹس پر فضائی آمد و رفت کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے جبکہ برٹش ایئرویز، ایزی جیٹ، کے ایل ایم اور لفتھانسا سمیت کئی بڑی ایئرلائنز کی پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ نیشنل ایئر ٹریفک سروسز (NATS) نے بتایا ہے کہ فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں پیدا ہونے والی خرابی کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور انجینئرز اس کے حل میں مصروف ہیں۔ تکنیکی مسئلے کے باوجود برطانیہ کی فضائی حدود کھلی رہیں، تاہم پروازوں کے آپریشن میں نمایاں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔

این اے ٹی ایس کے مطابق تکنیکی خرابی کو دور کرکے سسٹم معمول پر آ گیا ہے تاہم متعدد ایئرپورٹس پر پروازوں کا خلل فوری طور پر ختم نہیں ہو سکا۔ برطانیہ کے تقریباً 15 ایئرپورٹس اور دیگر مقامات پر ایئرلائنز اور ہوائی اڈے متاثرہ پروازوں کے بڑے بیک لاگ کو ختم کرنے میں مصروف رہے۔ واضح رہے کہ 2024ء میں بھی فلائٹ پلان پروسیسنگ میں خرابی کے بعد برطانیہ کے ایوی ایشن نیٹ ورک ریگولیٹر نے این اے ٹی ایس کو ہنگامی انتظامات مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی تھی۔