اسلام آباد میں مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کا آغاز

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی کے مطابق اب تک 24 مدارس کے اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اکاؤنٹ کھولنے کا طریقہ کار انتہائی آسان ہے۔

طاہر محمود اشرفی نے ایک نجی بینک کا دورہ کیا جہاں انہیں مدارس کے اکاؤنٹس کھولنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اکاؤنٹس کھولنے میں تعاون پر وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے تمام مدارس کو بینک اکاؤنٹس کھلنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا ہے کہ مدرسہ کسی بھی نظام کے تحت رجسٹرڈ ہو، اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مدارس سے متعلق قانون سازی جاری ہے۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی قانون سازی کا عمل جاری ہے۔ پنجاب میں یہ عمل سب سے آگے ہے اور جلد مکمل ہونے کی امید ہے۔