سندھ میں 6 انتظامی یونٹس بننے چاہئیں، وسائل برابر تقسیم ہوں: فاروق ستار

image

کراچی: (نیوز ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ میں 6 انتظامی یونٹس بننے چاہئیں اور صوبے کے وسائل تمام علاقوں میں برابر تقسیم کیے جائیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمرکوٹ، تھرپارکر، سکھر اور دیگر علاقوں کو بھی ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں، جبکہ نئے انتظامی یونٹس کے ذریعے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جا سکتے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا ہے کہ عوام کو یہ حق ملنا چاہیے کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ وہ کیا چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے صاف و شفاف ریفرنڈم بھی کرایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹس کا معاملہ برسوں سے چلا آرہا ہے، اس لیے اس پر عوامی رائے سامنے آنی چاہیے۔ ایم کیو ایم رہنما نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے اختیارات کا معاملہ بھی اٹھاتے ہوئے کہا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہونے سے بلدیاتی نظام بہتر انداز میں کام کر سکتا ہے۔

انہوں نے کراچی کے بلدیاتی ملازمین کے ریٹائرمنٹ واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 25 ٹاؤنز کے متعدد ملازمین ریٹائر ہوچکے ہیں لیکن انہیں واجبات ادا نہیں کیے گئے۔ فاروق ستار نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے اور ریٹائرڈ ملازمین کو ان کا حق دینے کا مطالبہ کیا، جبکہ کہا کہ سرکاری ملازمین کے جائز حقوق کی ادائیگی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق ایم کیو ایم نئے انتظامی یونٹس اور بااختیار بلدیاتی نظام کے مؤقف پر قائم ہے اور اس حوالے سے سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔