سڑکوں کی بندش کے باعث ایف پی ایس سی کے انٹرویوز ملتوی
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے اہم فیصلہ کیا ہے۔ ایف پی ایس سی نے 24 اور 25 ستمبر کو شیڈول تمام انٹرویوز ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے کمیشن کی جانب سے باقاعدہ پبلک نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
پبلک نوٹس کے مطابق مذکورہ تاریخوں پر انٹرویوز اسلام آباد، لاہور اور پشاور کے سینٹرز پر ہونا تھے۔ کمیشن کے مطابق سڑکوں کی بندش اور راستوں پر رکاوٹوں کے باعث امیدواروں کو سفر میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ اسی صورتحال کے پیش نظر امیدواروں کی سہولت کیلئے انٹرویوز ملتوی کیے گئے ہیں۔
ایف پی ایس سی حکام کے مطابق ملتوی کیے گئے انٹرویوز کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ نئے شیڈول سے امیدواروں کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔ اُمیدواروں کو نئی تاریخوں اور شیڈول سے متعلق ایف پی ایس سی کے آئندہ اعلانات پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔