افغانستان میں 10 مقامات پر جوابی کارروائی، ڈرون لانچ اور اسٹوریج مراکز تباہ: عطا تارڑ

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے دفاع کے حق کے تحت افغانستان میں 10 مقامات پر درست فضائی اور ڈرون حملے کیے۔ ان کے مطابق کارروائیوں کا مقصد ان مقامات کو نشانہ بنانا تھا جو پاکستان کے خلاف حالیہ ڈرون حملوں سے منسلک تھے۔

عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے 23 ستمبر کو افغان سرزمین سے آنے والے ڈرونز کا سراغ لگا کر انہیں اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے ناکارہ بنا دیا تھا۔ ان کے مطابق اس کے بعد کی گئی کارروائیاں متعین عسکری اہداف تک محدود رہیں اور انہیں دانستہ، درست اور متناسب قرار دیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان طالبان حکومت اور متعلقہ فریقوں کے سامنے افغان سرزمین پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور معاون نیٹ ورکس سے متعلق تحفظات بارہا اٹھائے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا، جبکہ افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کا مطالبہ بھی کیا۔