پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ پر سیکیورٹی اقدامات، موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیشِ نظر اسلام آباد، راولپنڈی اور ضلع اٹک میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 26 اور 27 ستمبر کو ان علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام امن و امان برقرار رکھنے اور ممکنہ سیکیورٹی خدشات سے نمٹنے کیلئے کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ روز قبل ہونے والے اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس میں اہم شاہراہوں کی بندش کے ساتھ موبائل فون سروس کی معطلی پر بھی تفصیلی غور کیا گیا تھا۔ اجلاس میں موٹرویز، جی ٹی روڈ اور دیگر اہم راستوں پر ٹریفک کی روانی محدود کرنے سے متعلق فیصلے بھی کیے گئے تھے۔ اب سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ان فیصلوں پر مرحلہ وار عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق اسلام آباد کی جانب آنے والی اہم شاہراہوں پر بھی ٹریفک پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔ موٹروے M-1 کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج، M-14 کو ہکلہ سے کنڈل جبکہ جی ٹی روڈ N-5 کو اٹک خورد کے مقام پر دونوں اطراف سے بند کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدامات 27 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی قیادت میں متوقع احتجاجی قافلوں کی اسلام آباد آمد کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔