بغیر پائلٹ جہاز مریخ کی جانب روانہ

image

ٹوکیو: (ٹیکنالوجی ڈیسک) جاپان نے اپنا بغیر پائلٹ خلائی جہاز مریخ اور اس کے چاند کی طرف روانہ کر دیا ہے۔ جاپانی خلائی ایجنسی جاکسا کا یہ تاریخی خلائی جہاز ایچ تھری راکٹ کے ذریعے تانیگاشیما خلائی مرکز سے خلا میں بھیجا گیا ہے۔ یہ جہاز اگست 2027ء میں مریخ تک پہنچے گا۔ 

واضح رہے کہ یہ جہاز مریخ کے چاند فوبوس پر اترے گا نہیں، بلکہ اس کے بہت قریب جا کر اس کی مٹی کا کچھ حصہ اٹھائے گا، صرف 10 گرام، مطلب ایک چمچ کے برابر۔ یہ جہاز وہ مٹی لے کر 2031ء میں واپس زمین پر آئے گا۔

سائنسدان آج تک یہ بات نہیں جان سکے کہ مریخ کے چاند فوبوس اور ڈیموس کیسے بنے ہیں۔ کیا وہ مریخ کے ٹکڑے ہیں یا کہیں اور سے آئے ہوئے سیارچے ہیں؟ اس 10 گرام مٹی سے اس راز سے پردہ اٹھ سکتا ہے اور سائنسدانوں کو یہ جاننے میں مدد مل سکتی ہے کہ ہمارا پورا نظامِ شمسی کیسے وجود میں آیا۔