حکومت بجلی صارفین کو یونٹس کے بجائے غربت کی بنیاد پر ریلیف دینے پر غور کر رہی ہے، اویس لغاری

image

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اویس لغاری نے کہا کہ حکومت 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے کے موجودہ طریقہ کار پر نظرثانی کر رہی ہے۔ ان کے مطابق بعض صاحبِ حیثیت صارفین سولر سسٹم نصب کرکے اپنا بجلی کا استعمال 200 یونٹ سے کم کر لیتے ہیں اور اس طرح رعایت سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے ٹیرف سلیب کا تعین ضروری ہے تاکہ اس مسئلے کو حل کیا جا سکے، جبکہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 2 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت یونٹس کے بجائے غربت کی بنیاد پر ریلیف دینے کے نظام پر کام کر رہی ہے، جس کا مقصد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے کا گردشی قرضہ کم ہو کر 1,670 ارب روپے رہ گیا ہے اور حکومت نے آئندہ چار سال میں اسے ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ان کے مطابق اسی مدت میں گردشی قرضے پر ڈیٹ سروس سرچارج بھی ختم کرنے کا منصوبہ ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ موجودہ حکومت کے قیام کے وقت وزارت توانائی کو 1,180 ارب روپے کی بجٹ سپورٹ ملتی تھی، جو رواں سال کم ہو کر 700 ارب روپے رہ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے نقصانات میں ہر سال کمی کی گئی ہے، تاہم اس کمی کا فائدہ تاحال صارفین تک نہیں پہنچ سکا۔


#NationalNews
#27thOct2026
#PakistanEnergy
 #ElectricityRelief
 #AwaisLeghari
 #CircularDebt
 #PowerSector
 #Business
#Pakistan
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational 
#TheViewsNetwork