لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، ایئر کوالٹی انڈیکس 285 تک پہنچ گیا
اہور: (نیوز ڈیسک) عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 238 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پنجاب ایئر کوالٹی انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق صبح 6 بجے یہ سطح 285 تک پہنچ گئی۔ آئی کیو ایئر کی عالمی درجہ بندی میں نئی دہلی 214 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے، ویتنام کا شہر ہنوئی 188 کے ساتھ تیسرے اور بغداد 169 کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا، جبکہ کراچی 166 اے کیو آئی کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
پنجاب ایئر کوالٹی انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز صبح 6 بجے اے کیو آئی 229 ریکارڈ کیا گیا تھا، جو آج بڑھ کر 285 ہوگیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح مزید بلند رہی، جہاں شاہدرہ میں اے کیو آئی 500، واہگہ بارڈر پر 366، ملتان روڈ پر 335 اور برکی روڈ پر 306 ریکارڈ کیا گیا۔ ان اعداد و شمار کے مطابق متعدد علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویش ناک ہے۔
ماہرین صحت کی عمومی ہدایات کے مطابق آلودہ فضا میں زیادہ دیر رہنے سے آنکھوں میں جلن، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسی علامات پیدا ہوسکتی ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز، کھلی فضا میں سخت جسمانی مشقت محدود رکھنے اور ضرورت کے وقت مناسب حفاظتی ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
#NationalNews
#27thOct2026
#LahoreSmog
#AirPollution
#AirQualityIndex
#Health
#Pakistan
#EnvironmentalHealth
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational
#TheViewsNetwork