سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) دوہری شہریت سے متعلق معلومات ظاہر نہ کرنے اور ڈیکلریشن جمع نہ کرانے والے اعلیٰ سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی تیاری کر لی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے متعلقہ افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی منظوری کیلئے وزیراعظم آفس کو سمری بھیج دی ہے۔ سمری میں گریڈ 20 سے 22 تک کے افسران کے معاملے پر کارروائی کے اختیارات طلب کیے گئے ہیں۔
سمری کے مطابق ڈیکلریشن اور حلف نامہ جمع نہ کرانے والے افسران کی ترقیاں روکنے، لازمی ریٹائرمنٹ یا ملازمت سے برطرفی جیسی سزاؤں پر غور کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم کی حتمی منظوری کے بعد متعلقہ افسران کو شوکاز نوٹس جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ یہ کارروائی مجوزہ ہے اور اس کی حتمی منظوری سے متعلق فیصلہ سامنے آنا باقی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 2,917 سرکاری افسران میں سے 62.5 فیصد نے تاحال اپنا ڈیکلریشن جمع نہیں کرایا۔ ڈیکلریشن جمع کرانے والے افسران میں سے 8.68 فیصد نے غیر ملکی شہریت رکھنے کا اعتراف کیا ہے۔ ڈیکلریشن جمع نہ کرانے والوں میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان، سیکریٹریٹ اور آفس مینجمنٹ گروپس کے گریڈ 20، 21 اور 22 کے افسران بھی شامل ہیں۔