دنیا کے 33 ممالک میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریاں

image

پیرس: (ویب ڈیسک) عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی سیاسی و عسکری کشیدگی، جنگ کے خدشات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث 33 ممالک نے اپنے شہریوں کو ہنگامی حالات کے لیے خوراک، پینے کا پانی، ادویات اور دیگر ضروری سامان ذخیرہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حکومتوں کی طرف سے شہریوں کو ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے گھروں میں بنیادی ضروریات کا مناسب ذخیرہ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ان اقدامات کے بعد عالمی سطح پر یہ بحث بھی شروع ہوگئی ہے کہ آیا دنیا کسی بڑے عالمی بحران کے خطرات سے دوچار ہے۔ 

غیر ملکی میڈیا ذرائع کے مطابق فرانس اور برطانیہ نے اپنے شہریوں کو کم از کم 72 گھنٹے یعنی 3 دن کی بنیادی ضروریات محفوظ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ کینیڈا، جاپان، میکسیکو اور نیدرلینڈز نے بھی 3 دن کا ہنگامی ذخیرہ رکھنے پر زور دیا ہے۔ سویڈن اور ناروے نے 7 دن جبکہ جرمنی نے 10 دن کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اشیائے خورونوش اور دیگر سامان محفوظ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق ان ہدایات کی بنیادی وجوہات میں مختلف خطوں میں جاری جنگیں، جوہری تصادم کے خدشات، سائبر حملوں کے ذریعے بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات کی بندش اور قدرتی آفات شامل ہیں۔ امریکی شہریوں کو بھی کئی دنوں کی ہنگامی ضروریات گھر میں رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ یورپی یونین نے خطے میں ہنگامی تیاریوں کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی ہے۔ حکومتوں کا مقصد کسی بڑے بحران یا بنیادی ڈھانچے کی خرابی کی صورت میں شہریوں کو ابتدائی چند دن اپنی ضروریات خود پوری کرنے کے قابل بنانا ہے۔