عمان میں غیر ملکی ملازمین کے لیے گریجویٹی نظام ختم، نیا پروویڈنٹ فنڈ متعارف
مسقط: (ویب ڈیسک) عمان کے حکام نے غیر ملکی ملازمین کے لیے موجودہ گریجویٹی نظام کی جگہ نئے پروویڈنٹ فنڈ کے نفاذ کا اعلان کیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز 19 جولائی 2027 سے ہوگا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی اسکیم کے تحت تمام کمپنیوں اور اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ہر غیر ملکی ملازم کی بنیادی تنخواہ کا 9 فیصد ماہانہ فنڈ میں جمع کرائیں۔ اس تاریخ سے نئی اسکیم کے دائرہ کار میں آنے والی ملازمت کی مدت کے لیے گریجویٹی کی جگہ پروویڈنٹ فنڈ لاگو ہوگا۔
نئے نظام کے تحت ملازمین کی جمع شدہ رقم اور اس پر حاصل ہونے والا منافع سوشل پروٹیکشن لا کے قواعد و ضوابط کے مطابق ادا کیا جائے گا۔ تاہم، اسکیم کے نفاذ سے پہلے کی سروس کے عوض واجب الادا گریجویٹی کی ادائیگی کے لیے آجرین کو تین متبادل طریقے دیے گئے ہیں۔ پہلے طریقے کے تحت آجر سابقہ گریجویٹی اپنے پاس محفوظ رکھ کر ملازمت ختم ہونے پر اس وقت کی بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر لیبر لا کے مطابق ادائیگی کرے گا۔
دوسرے طریقے میں سابقہ گریجویٹی کی رقم ملازم کے نام پر سوشل پروٹیکشن فنڈ میں جمع کرائی جا سکے گی، جبکہ تیسرے طریقے کے تحت اسکیم کے نفاذ کے وقت یہ رقم براہِ راست ملازم کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ اس طرح نئے نظام میں آئندہ سروس کی بچت اور سابقہ ملازمت کی گریجویٹی کے لیے الگ الگ انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ تبدیلی عمان میں کام کرنے والے پاکستانیوں سمیت تمام غیر ملکی ملازمین پر متعلقہ قواعد کے مطابق لاگو ہوگی۔