راولا کوٹ میں مسلح افراد کا پولیس پر حملہ

image


مظفرآباد: (نیوز ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر کے شہر راولا کوٹ میں مسلح افراد نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ واقعہ بس ٹرمینل کے اطراف سے رکاوٹیں ہٹانے کے دوران پیش آیا۔ پونچھ ریجن پولیس کے ترجمان کے مطابق حملہ ایک کالعدم کمیٹی سے وابستہ مسلح افراد نے کیا ہے۔ 

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے میں خودکار اور جدید ہتھیار استعمال کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے کی ویڈیو میں آٹومیٹک گرینیڈ لانچر جیسے بھاری ہتھیاروں کے استعمال کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ پولیس نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے متضاد دعوؤں کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

پولیس انتظامیہ کے مطابق مسلح گروہ کی سرگرمیوں کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ ترجمان نے الزام عائد کیا کہ بیرونی عناصر کی ایما پر علاقے میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق صورت حال پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں جبکہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ 

#NationalNews
#5thNov2026
#ArmedIndividuals
#OpenFire
#Police
#RawalakotAJK
#TVN
#TVNNews
#TVNUrdu
#TVNNational
#TheViewsNetwork