مریم نواز نے سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا افتتاح کر دیا، پولیس کی کارکردگی کی ڈیجیٹل نگرانی ہوگی

image

لاہور: (نیوز ڈیسک) افتتاحی تقریب میں کرائم سرویلنس یونٹ کے سربراہ عثمان طاہر نے وزیراعلیٰ کو نظام اور اس کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نئے نظام کے تحت پنجاب کے ہر پولیس اسٹیشن میں جرائم سے متعلق تازہ ترین معلومات ایک کلک پر دستیاب ہوں گی، جبکہ ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت مختلف سطحوں کے پولیس افسران کی کارکردگی کا بھی تجزیہ کیا جائے گا۔ یونٹ میں جرائم کی 20 مختلف کیٹیگریز کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا اور ماہرین فوری طور پر ڈیٹا اینالیسس رپورٹس تیار کریں گے۔

اس نظام کے ذریعے شہریوں کی شکایات اور درخواستوں پر پیش رفت کی نگرانی بھی کی جائے گی، جبکہ ازالے میں تاخیر کی صورت میں متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی ممکن ہوگی۔ یونٹ سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق قابلِ توجہ پوسٹس کی نشاندہی بھی کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی پنجاب سے پولیس اصلاحات کا منصوبہ طلب کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ کے ڈیٹا کا درست استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایف آئی آر کے اندراج میں بلاجواز تاخیر پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور پولیس کے خلاف منفی پروپیگنڈے پر فوری ردعمل دینے کی ہدایت بھی کی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کو ہر قسم کے جرائم سے پاک کرنا چاہتے ہیں اور کرائم سرویلنس یونٹ کا قیام جرائم کے خاتمے کی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھے اور برے لوگ ہر جگہ موجود ہوتے ہیں، اس لیے چند افراد کی وجہ سے پوری پولیس فورس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگانا درست نہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب میں مؤثر اصلاحات کے نتیجے میں جرائم کی شرح میں کمی کا تاریخی رجحان خوش آئند ہے۔


#NationalNews
#6thNov2026
#MaryamNawaz
 #CrimeSurveillance
 #PunjabPolice
 #SmartPolicing
 #PoliceReforms
 #Pakistan
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational 
#TheViewsNetwork