ذیابیطس خواتین کے لیے مردوں سے زیادہ خطرناک، دل کے دورے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) طبی تحقیقات کے مطابق ذیابیطس مردوں اور خواتین دونوں کو متاثر کرتی ہے، تاہم خواتین میں اس بیماری کی پیچیدگیاں زیادہ سنگین ہو سکتی ہیں۔ خصوصاً دل کی بیماری، گردوں کو نقصان، ڈپریشن اور ہارمونز سے متعلق مسائل کا خطرہ خواتین میں زیادہ پایا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ذیابیطس میں مبتلا مردوں میں صحت مند مردوں کے مقابلے میں دل کے دورے کا خطرہ تقریباً 50 فیصد بڑھ جاتا ہے، جبکہ ذیابیطس کی شکار خواتین میں یہ اضافہ 150 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین کی زندگی میں بلوغت، ماہواری، حمل اور مینوپاز کے دوران ہارمونز میں ہونے والی تبدیلیاں انسولین کی کارکردگی اور خون میں شوگر کی سطح کو متاثر کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ پیٹ کے گرد چربی کا جمع ہونا، جسمانی سرگرمیوں میں کمی، ذہنی دباؤ، غیر متوازن غذا اور خاندانی تاریخ بھی ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرات بڑھانے والے عوامل ہیں۔ خصوصاً پراسیسڈ فوڈ اور غیر صحت بخش غذائی عادات میٹابولک صحت کو متاثر کر سکتی ہیں۔
حمل کے دوران ہونے والی ذیابیطس، جسے جیسٹیشنل ڈائیبیٹیز کہا جاتا ہے، خواتین کے لیے ایک اہم طبی مسئلہ ہے۔ بچے کی پیدائش کے بعد خون میں شوگر کی سطح معمول پر آنے کے باوجود مستقبل میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ برقرار رہ سکتا ہے۔ ماہرین نے خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ حمل کے دوران ذیابیطس کی تشخیص کو سنجیدگی سے لیں اور بروقت طبی معائنے، شوگر کی باقاعدہ جانچ اور صحت مند طرزِ زندگی کو ترجیح دیں۔