سب جمہوریت کی بات کرتے ہیں، صوبوں کی تشکیل کا فیصلہ بھی عوامی رائے سے ہونا چاہیے: محسن نقوی

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے اہم تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر عوامی رائے جاننے کیلئے ریفرنڈم کرایا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام نئے صوبوں کے قیام کے حق میں فیصلہ دیتے ہیں تو اس تجویز پر عمل درآمد کیا جانا چاہیے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے دفتر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بات کرنے والوں کو صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر بھی عوام کی رائے کو اہمیت دینی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریفرنڈم کے ذریعے سامنے آنے والے عوامی فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ملک کے موجودہ نظام میں بنیادی تبدیلیوں اور ازسرنو تشکیل کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق پورے نظام کو ری سیٹ کرنے کا وقت آ گیا ہے اور نئے صوبوں کا قیام بھی اسی وسیع تر اصلاحاتی عمل کا حصہ بن سکتا ہے۔