وزیراعظم شہباز شریف کا کوپ ـ31 کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج ہے جس کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا ہے کہ قدرتی آفات انسانی جانوں اور معیشتوں کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے باعث بھاری نقصانات برداشت کر چکا ہے۔
کوپ ـ31 کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ سیلاب کے باعث لاکھوں خاندانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ملک کو بھی بڑے پیمانے پر معاشی نقصان اٹھانا پڑا۔
شہباز شریف نے کہا کہ قدرتی آفات کے اثرات سے نمٹنے کیلئے عالمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔ انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے اور سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر ترکیہ کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے تمام ممالک کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔