خیبرپختونخوا: بلدیاتی ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن فوری ادا کرنے کا حکم
پشاور: (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے بلدیاتی اداروں کے ملازمین اور پنشنرز کو اکتوبر 2026ء کی ادائیگیوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ لوکل کونسل بورڈ خیبرپختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری فنانس نے صوبے کی تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) کو باضابطہ مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں تنخواہوں اور پنشن کی فوری ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق محکمہ خزانہ نے صوبے کے بندوبستی اور ضم شدہ اضلاع میں قائم تمام ٹی ایم ایز کیلئے مطلوبہ گرانٹ اور آکٹروئی فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ لوکل کونسل بورڈ نے تمام تحصیل میونسپل افسران کو ہدایت کی ہے کہ دستیاب فنڈز سے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی بلا تاخیر مکمل کی جائے اور اس معاملے کو انتہائی ہنگامی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ادائیگیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد مجاز افسر کے دستخط شدہ تصدیقی سرٹیفکیٹ لوکل کونسل بورڈ کو فوری ارسال کیے جائیں۔ یہ سرٹیفکیٹ ریکارڈ کا حصہ بنانے اور مزید ضروری کارروائی کیلئے جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔