انسانی پلاسینٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت سے متعلق مقدمے کا بڑا فیصلہ

image

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے انسانی پلاسینٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت والے مشہور مقدمے میں بڑا فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت نے 3 چینی باشندوں سمیت 4 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ دو رکنی بینچ نے ہر ملزم کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے  کے ساتھ 2 مقامی ضامن فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔

جسٹس شہزاد احمد خان اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پلاسینٹا ویسٹ میٹریل ہے، اس لیے یہ معاملہ ابھی مزید تفتیش مانگتا ہے۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے اور ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون ون اور ای الیون میں چھاپے مارے تھے۔ وہاں سے تقریباً 400 سے 500 کلو گرام تازہ اور خشک انسانی پلاسینٹا برآمد ہوا تھا۔

اس کے علاوہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ویتنام بھیجی جانے والی 580 کلو گرام مشتبہ کھیپ بھی روک لی گئی تھی۔ مقدمے میں کل ملا کر 1241 کلو گرام انسانی پلاسینٹا برآمد دکھایا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان انسانی پلاسینٹا کو بھیڑ کا پلاسینٹا بتا کر ویتنام بھیجنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تفتیش میں یہ بھی پتا چلا تھا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے مختلف اسپتالوں اور کلینکس سے انسانی پلاسینٹا جمع کیا جاتا تھا۔ 

پلاسینٹا کو صاف کرنے، رکھنے اور باہر بھیجنے کے لیے ایک پورا نیٹ ورک کام کر رہا تھا۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ شفقت عباسی نے عدالت کو بتایا کہ قانون کے مطابق انسانی پلاسینٹا بھی انسانی عضو میں آتا ہے۔ انسانی اعضا کی خرید و فروخت پر قانون میں 10 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہے۔ یاد رہے کہ ایف آئی اے نے یہ مقدمہ ٹرانسپلانٹیشن آف ہیومن آرگنز اینڈ ٹشوز ایکٹ 2010ء اور تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا تھا۔