بٹگرام کی شمشیر ویلی میں 362 درختوں کی کٹائی قانونی قرار

image

پشاور: (نیوز ڈیسک) محکمہ جنگلات کی انکوائری کمیٹی نے بٹگرام کی شمشیر ویلی کے گنتر کمپارٹمنٹ نمبر 8 کا معائنہ کرکے درختوں کی کٹائی سے متعلق ریکارڈ اور موقع پر موجود شواہد کا جائزہ لیا۔ رپورٹ کے مطابق تمام 362 درختوں کی تفصیلات موقع پر چیک کی گئیں اور ان کی تعداد و ریکارڈ میں کوئی فرق سامنے نہیں آیا، جبکہ جنگل میں غیر مجاز افراد کی جانب سے درخت کاٹنے کے شواہد بھی نہیں ملے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دکھائی جانے والی لکڑی منظور شدہ کٹائی کا حصہ تھی اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کی ملی بھگت یا غفلت بھی ثابت نہیں ہوسکی۔ لکڑی جنگل میں موجود رہنے کی وجہ سڑک کی بندش بتائی گئی ہے، جس کے باعث اسے بروقت منتقل نہیں کیا جاسکا اور اسے غیر قانونی ذخیرہ قرار نہیں دیا گیا۔

محکمہ جنگلات کے مطابق کاٹے گئے 362 درختوں سے مجموعی طور پر 70 ہزار 886 مکعب فٹ لکڑی حاصل ہوئی، جس میں سے 20 ہزار 111 مکعب فٹ لکڑی ڈپو منتقل کردی گئی ہے جبکہ باقی لکڑی نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی۔ انکوائری کمیٹی نے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر بے بنیاد ویڈیو کی تشہیر کے معاملے کو مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو بھجوانے کی سفارش بھی کی ہے۔

#NationalNews
#16thNov2026
#Battagram
 #ShamshirValley
 #ForestDepartment
 #Deforestation
 #PakistanNews 
#FIA
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational 
#TheViewsNetwork