انڈس اسپتال کراچی میں قوتِ سماعت سے محروم مریضوں کو 2 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا علاج مفت فراہم

image

کراچی: (ویب ڈیسک) انڈس اسپتال میں کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کا آغاز 2014 میں کیا گیا تھا، جس کے تحت رواں سال اب تک 126 سرجریز مکمل ہو چکی ہیں جبکہ آئندہ تین ماہ میں مزید 36 سرجریز کرنے کا منصوبہ ہے۔ اسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک علاج سے مستفید ہونے والوں میں سندھ کے 310، خیبر پختونخوا کے 56، پنجاب کے 51، بلوچستان کے 28 اور آزاد کشمیر کے 5 مریض شامل ہیں۔ پروگرام کی منیجر انعم مدھانی کے مطابق ہر بچے کی براہِ راست سرجری نہیں کی جاتی بلکہ پہلے طبی معائنہ اور سماعت کا تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے، جس کے بعد مقررہ معیار پر پورا اترنے والے بچوں کو امپلانٹ کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔

انعم مدھانی کا کہنا ہے کہ صرف کوکلیئر امپلانٹ کی قیمت تقریباً 12 ہزار امریکی ڈالر ہے، جبکہ سرجری اور بحالی کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔ نجی شعبے میں مکمل علاج پر تقریباً 60 لاکھ روپے خرچ آ سکتا ہے، لیکن انڈس اسپتال میں یہ سہولت مستحق افراد کو مفت فراہم کی جاتی ہے۔ پروگرام کے تحت پانچ سال سے کم عمر پیدائشی طور پر قوتِ سماعت سے محروم بچوں اور ایسے افراد کا علاج کیا جاتا ہے جو پہلے سننے اور بولنے کی صلاحیت رکھتے تھے، مگر بعد میں سماعت سے محروم ہو گئے؛ اس دوسری قسم کے مریضوں کے لیے عمر کی حد 45 سال ہے۔ سرجری کے بعد مریضوں کو تین سال تک آڈیالوجی، اسپیچ تھراپی اور نفسیاتی معاونت بھی فراہم کی جاتی ہے، جبکہ والدین کو بچوں کی دیکھ بھال اور تربیت کے حوالے سے رہنمائی دی جاتی ہے۔

پروگرام کے تحت حال ہی میں دو سالہ بچے یونس کا بھی کوکلیئر امپلانٹ کیا گیا، جو پیدائشی طور پر قوتِ سماعت سے محروم تھا۔ تقریباً ایک ماہ قبل اس کے کان میں امپلانٹ کا اندرونی حصہ نصب کیا گیا، جبکہ حال ہی میں بیرونی ڈیوائس فعال کی گئی۔ انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کراچی کی سینئر آڈیولوجسٹ تبسم ناز کے مطابق ڈیوائس سوئچ آن ہونے پر بچہ پہلی مرتبہ آواز محسوس کرتا ہے، تاہم اس کے فوراً بعد بولنا شروع نہیں کرتا بلکہ پہلے آواز سننے، اسے سمجھنے اور پھر اسپیچ تھراپی کے ذریعے بولنے کی صلاحیت پیدا کرنے کے مراحل سے گزرتا ہے۔ انعم مدھانی کے مطابق سماعت سے محرومی کی وجوہات میں موروثی اور جینیاتی عوامل، پیدائش کے دوران پیچیدگیاں، انفیکشنز، بعض ادویات اور جسمانی چوٹ شامل ہو سکتی ہیں۔


#HealthNews
#13thNov2026
#IndusHospital
 #CochlearImplant
 #HearingLoss
 #HearingRestoration
 #SpeechTherapy
 #Healthcare
#Karachi
#Pakistan
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNHealth 
#TheViewsNetwork