بنیادی اصلاحات کے بغیر نئے صوبوں کا قیام مزید پیچیدگیاں پیدا کرے گا، خواجہ سعد رفیق
لاہور : (نیوز ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے خبردار کیا ہے کہ نظامِ حکمرانی، عدالتوں اور سول سروس میں اصلاحات کے بغیر چھوٹے صوبے بنانا پائیدار ثابت نہیں ہوگا۔ پاکستان کی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جلد بازی میں ایسے اقدامات کے بجائے پہلے عوام کو غربت، دہشت گردی اور ناانصافی جیسے بنیادی مسائل سے نجات دلانا ناگزیر ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں نئے اور چھوٹے صوبوں کی تشکیل بذاتِ خود ایک مثبت اور ترقی پسند تصور ہے، تاہم بنیادی اصلاحات کے بغیر یہ اقدام حکمرانی کو بہتر بنانے کے بجائے نئی مشکلات کو جنم دے گا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ محض انتظامی تقسیم سے نظام درست کرنے کی سوچ ناقابلِ فہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے شفاف اور نمائندہ جمہوریت کے تقاضے پورے کرتے ہوئے سیاست میں غیر جمہوری مداخلت اور دولت کے اثر و رسوخ کا راستہ روکا جائے۔
لیگی رہنما نے خبردار کیا کہ اصلاحات کے بغیر صوبوں کی نئی تقسیم ملک کے لیے مزید پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہے، جس سے نہ ملک چل سکے گا اور نہ ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کا سب سے بڑا ہدف بھوک، غربت، ناانصافی، بنیادی حقوق کی پامالی، سیاسی انتقام اور غیر آئینی عوامل کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ ملک کو درست سمت میں چلانے کے لیے پہلے عوام کو ان بنیادی مصائب سے نجات دلانا ضروری ہے، لہٰذا عجلت میں چھوٹے صوبے بنانے جیسے مثبت تصور کو متنازع بنانے سے گریز کیا جائے