جواب دیا تو تنقید کرنے والا وزیر منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا: محسن نقوی

image

لاہور:(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے نام لیے بغیر ایک وزیر کی مسلسل بیان بازی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ وزیر محض ٹی وی اسکرینوں پر نظر آنے کے لیے روزانہ ان پر تبصرے کر رہا ہے اور وہ گزشتہ ڈھائی برس سے یہ سب برداشت کر رہے ہیں۔ محسن نقوی نے واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ جس دن انہوں نے جوابی لب کشائی کی تو تنقید کرنے والے وزیر کے لیے منہ چھپانا مشکل ہو جائے گا۔

گفتگو کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے کاروباری برادری پر کی جانے والی تنقید کو بھی مسترد کر دیا اور تاجروں کے حق میں آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ جن تاجروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ ملک کے معزز شہری ہیں اور ماضی میں وفاق سمیت مختلف شہروں کے چیمبرز آف کامرس کے صدور اور اہم عہدیدار رہ چکے ہیں۔ محسن نقوی کے مطابق یہ شخصیات پاکستان کو سب سے زیادہ ٹیکس دینے والوں کی فہرست میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔

محسن نقوی نے تاجروں پر تنقید کرنے والوں کے دوہرے معیار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر یہ کاروباری حضرات واقعی اتنے برے ہیں تو پھر ان سے رابطے کیوں رکھے جاتے ہیں؟ انہوں نے مزید استفسار کیا کہ ہر انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتیں انہی تاجروں سے پارٹی فنڈز کی مد میں اربوں روپے کیوں وصول کرتی ہیں؟ وفاقی وزیر داخلہ نے زور دیا کہ ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے طبقے کی بلاجواز کردار کشی مناسب نہیں