روہنگیا مسلمانوں کی جدوجہد، عالمی عدالت میں تاریخی پیش رفت

image

نیپیداو: (ویب ڈیسک) روہنگیا مسلمانوں کے خلاف مبینہ نسل کشی کے معاملے میں میانمار کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف میں دائر مقدمے نے ایک اہم قانونی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ جسے مظلوم روہنگیا قوم کی طویل جدوجہد میں تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی حمایت سے آگے بڑھنے والے اس مقدمے نے عالمی سطح پر میانمار میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور نسل کشی کے الزامات کو ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔ دی ہیگ میں ہونے والی اس پیش رفت کو متاثرین کے لیے انصاف کی امید کی ایک نئی کرن سمجھا جا رہا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق عالمی عدالتِ انصاف میں ہونے والی یہ پیش رفت ریاستی سطح پر نسل کشی کے مقدمات اور بین الاقوامی قانون کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ اس قانونی کارروائی نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم، جبری نقل مکانی، قتل و غارت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے معاملے کو عالمی احتساب کے دائرے میں نمایاں کیا ہے۔ اس مقدمے کی اہمیت صرف روہنگیا قوم تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر میں مظلوم اقوام کیلئے انصاف کے حصول کی جدوجہد سے بھی جڑی ہوئی ہے۔

تاہم عالمی عدالت میں قانونی پیش رفت کے باوجود روہنگیا مسلمانوں کی مشکلات ختم نہیں ہوئیں اور انہیں عملی انصاف دلانا ایک طویل اور پیچیدہ مرحلہ ہوگا۔ متاثرین کی محفوظ واپسی، شہریت کی بحالی، بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ اور ذمہ دار عناصر کا احتساب ایسے بنیادی تقاضے ہیں جن کے بغیر انصاف کا تصور ادھورا رہے گا۔ عالمی برادری اور مسلم ممالک کیلئے ضروری ہے کہ وہ محض سفارتی بیانات تک محدود رہنے کے بجائے روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ اور عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے مؤثر کردار ادا کریں۔