لیبیا کو تیل کی پائپ لائن بندش سے بھاری مالی نقصان

image


طرابلس: (ویب ڈیسک) لیبیا میں مسلح گروہ کی جانب سے حمادہ آئل پائپ لائن زبردستی 20 روز سے زائد عرصے تک بند رکھنے کے باعث ملک کو تیل کی آمدنی میں 30.8 ملین ڈالر سے زیادہ کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق نیشنل آئل کارپوریشن نے ہفتے کے روز بتایا کہ پائپ لائن کی بندش سے 302,000 بیرل سے زائد خام تیل کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔ کارپوریشن کے مطابق اس تعطل نے ملکی تیل کی پیداوار اور آمدنی دونوں کو شدید متاثر کیا ہے۔

این او سی کے مطابق پائپ لائن بند ہونے سے خام تیل کی پیداوار میں یومیہ اوسطاً 14,418 بیرل کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے روزانہ تقریباً 1.47 ملین ڈالر کی آمدنی کا نقصان ہوا۔ کارپوریشن نے بتایا کہ اوسط عالمی قیمتوں کی بنیاد پر مجموعی نقصان 302,778 بیرل خام تیل کے برابر بنتا ہے، جس کی مالی مالیت تقریباً 30.79 ملین ڈالر ہے۔ 

ان نقصانات میں متاثرہ عربین گلف آئل کمپنی کے حمادہ، این سی 5، این سی 8 اور طاہرہ سمیت مختلف آئل فیلڈز کے مقررہ عملیاتی اخراجات بھی شامل ہیں۔ حمادہ آئل پائپ لائن لیبیا کے تیل کی ترسیل کے نظام کا اہم حصہ ہے جو حمادہ آئل فیلڈز کو زاویہ ریفائنری سے ملاتی ہے اور روزانہ 120,000 بیرل تیل صاف کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔