چین امریکی اے آئی ماڈلز سے اپنے ماڈلز کیسے بنا رہا ہے؟ حیران کن طریقہ سامنے آ گیا

image

شینزن: ( ٹیکنالوجی ڈیسک) امریکا کی جانب سے جدید اے آئی چپس کی برآمدات پر پابندی کے اثرات کم کرنے کے لیے چین امریکی اے آئی ماڈلز سے حاصل کردہ نتائج استعمال کر کے اپنے مقامی حریف ماڈلز کو تربیت دینے لگا ہے۔ روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق چین کے ادارے امریکی مصنوعی ذہانت کے سرکردہ ماڈلز سے حاصل ہونے والے نتائج کو استعمال کرتے ہوئے اپنے مقامی اے آئی ماڈلز کو تربیت دینے کے زیادہ جدید طریقے اپنانے لگے ہیں۔ دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین اپنی اے آئی حکمتِ عملی کو وسعت دینے اور چپس تک رسائی پر امریکا کی سخت ہوتی پابندیوں کے اثرات کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

روئٹرز کی جانب سے چین کے 300 سے زیادہ علمی تحقیقی مقالوں، پیٹنٹس، کمپنیوں کے انکشافات، بھرتیوں کے اشتہارات اور سرکاری دستاویزات کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ طریقۂ کار، جسے ڈسٹلیشن کہا جاتا ہے، اب محض علمی تجربات تک محدود نہیں رہا بلکہ چین میں صنعتی سطح پر بھی بڑے پیمانے پر استعمال ہونے لگا ہے۔ ان دستاویزات کے مطابق، چینی محققین امریکی اے آئی ماڈلز سے سوالات کے جوابات حاصل کرنے، کمپیوٹر کوڈ تیار کرنے اور پیچیدہ مسائل کے حل تلاش کرنے کے لیے کام لے رہے ہیں۔ اس کے بعد چینی کمپنیاں اس عمل کو خودکار بنانے کے لیے سافٹ ویئر تیار کر رہی ہیں، جب کہ خصوصی تربیت یافتہ کارکن چھوٹے مقامی اے آئی ماڈلز کی تربیت کے لیے مواد تیار کر رہے ہیں۔ دستاویزات سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ بیجنگ حکومت ڈسٹلیشن کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ اے آئی کی لاگت کم کی جا سکے اور اسے چین کے وسیع و طاقت ور صنعتی شعبے میں زیادہ آسانی سے استعمال کیا جا سکے۔

ڈسٹلیشن کوئی غیر قانونی عمل نہیں اور دنیا کے دوسرے حصوں میں بھی وسیع پیمانے پر رائج ہے۔ اگرچہ اس طریقۂ کار سے کسی سرکردہ اے آئی ماڈل کی تمام صلاحیتیں مکمل طور پر نقل نہیں کی جا سکتیں اور نہ ہی جدید کمپیوٹنگ طاقت کی ضرورت ختم ہوتی ہے، تاہم اس کے ذریعے ڈیولپرز مہنگے اور بڑے ماڈلز کی بعض منتخب صلاحیتیں نسبتاً چھوٹے نظاموں میں منتقل کر سکتے ہیں، جنھیں چلانے پر کم خرچ آتا ہے۔ اس طرح امریکی ٹیکنالوجی پر انحصار بھی ممکنہ طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔ ڈسٹلیشن کے عمل میں ایک طاقت ور ماڈل کو ’استاد‘ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جو سوالات کے جوابات دیتا ہے، اس کے بعد ڈیولپرز ان جوابات کو ایک نسبتاً چھوٹے ’شاگرد‘ ماڈل کی تربیت کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اسی معاملے پر امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی بھی بڑھ رہی ہے، امریکی حکام نے ستمبر میں الزام لگایا تھا کہ چینی کمپنیاں صنعتی پیمانے پر ڈسٹلیشن کر رہی ہیں، جبکہ چینی حکام نے اسے اے آئی کی ترقی کا معمول کا طریقہ قرار دے کر دفاع کیا ہے۔

#TechnologyNews
#24thNov2026
#ChinaAI
#USA
#China
#ArtificialIntelligence
#Distillation
#ChinaTechnology
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNTechnology
#TheViewsNetwork