14 سالہ بچے نے بھارتی فوج کا خفیہ ڈیٹا ہیک کر لیا

image


نیو دہلی: (ٹیکنالوجی ڈیسک) بھارت میں ایک 14 سال کے بچے نے بھارتی دفاعی ادارے کی ویب سائٹ ہیک کر لی۔ اس بچے نے تقریباً 4 ہزار اگنی ویر فوجیوں کا ڈیٹا چرایا، جس کے بعد اس نے یہ ڈیٹا ڈارک ویب پر 500 ڈالر میں بیچنے کی کوشش کی۔ دہلی پولیس نے اس بچے کو ہریانہ کے علاقے بلبھ گڑھ سے حراست میں لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے نے ایک ٹیسٹ والی ویب سائٹ کو ہیک کیا تھا۔ یہ ویب سائٹ ان فوجیوں کیلئے بنائی گئی تھی جو فوج سے فارغ ہو کر سرکاری نوکری تلاش کرتے ہیں۔ بچے نے ڈارک ویب پر اشتہار لگایا تھا کہ اس کے پاس 4 ہزار فوجیوں کا ڈیٹا ہے، جو کوئی خریدنا چاہے وہ 500 ڈالر دے۔

پولیس کے مطابق بچے نے ڈیٹا چرانے کیلئے اے آئی کے ٹولز بھی استعمال کیے تھے۔ دہلی پولیس کے خاص یونٹ نے بچے کے موبائل اور کمپیوٹر سے ڈیٹا برآمد کر لیا ہے۔ اب پولیس یہ دیکھ رہی ہے کہ یہ ڈیٹا اصلی ہے یا جعلی۔ اس کیلئے وزارت داخلہ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے تاکہ سرکاری ڈیٹا سے موازنہ کیا جا سکے۔

پوچھ گچھ کے بعد بچے کو اس کے گھر والوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے جون 2022ء میں اگنی پتھ اسکیم شروع کی تھی۔ اس کے تحت فوج میں نوجوانوں کو 4 سال کیلئے بھرتی کیا جاتا ہے، جنھیں اگنی ویر کہا جاتا ہے۔ اس واقعے کے بعد بھارتی فوج کے ڈیٹا کی حفاظت پر بڑے سوال اٹھ گئے ہیں۔