پہلا پاکستانی خلاباز خلا میں جانے کیلئے تیار
شینزین: (ٹیکنالوجی ڈیسک) پاکستان کیلئے یہ ایک خوشخبری ہے کیونکہ اب وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا پہلا خلاباز خلا میں جائے گا۔ چین نے اعلان کیا ہے کہ شینزو 24 مشن کی تیاریاں آخری مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔ اس مشن کی مکمل ریہرسل بھی کامیابی سے کر لی گئی ہے۔
یہ مشن چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہو گا۔ یہ مشن لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے چینی خلائی اسٹیشن تک جائے گا۔ پاکستانی خلاباز کیلئے خاص انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ چینی اور انگریزی زبان میں دو لسانی ہدایت نامے تیار کیے گئے ہیں تاکہ پاکستانی خلاباز کو کوئی مشکل نہ ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی خلاباز کیلئے حلال خلائی خوراک بھی تیار کی گئی ہے۔
پاکستان سے خرم داؤد یا ذیشان علی میں سے ایک خلاباز چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر جائے گا۔ وہ وہاں مختلف سائنسی تجربات کریں گے۔یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہو گا جب کوئی پاکستانی خلاباز خلا میں جائے گا۔ یہ چینی خلائی پروگرام کی تاریخ میں بھی پہلی بار ہو گا کہ کوئی غیر ملکی خلاباز ان کے ساتھ خلا میں جائے گا۔