چین میں تیز رفتار کشتیوں کے ہمراہ پرواز کرنے والے ہنس سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے

image


بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے دریائے شِن جیانگ میں دریائی سفر کرنے والے سیاحوں کے لیے ایک نیا اور دلکش تفریحی تجربہ متعارف کرایا گیا ہے۔ تیز رفتار کشتیوں پر سوار سیاحوں کے شانہ بشانہ سینکڑوں آبی ہنس فضا میں پرواز کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ پانی کی سطح کے بالکل قریب پرندوں کی یہ منظم اڑان سیر و تفریح کے لیے آنے والوں کو بے حد متاثر کر رہی ہے۔

مقامی انتظامیہ اور ماہرین کی مشترکہ کاوشوں سے اس ماحول دوست سرگرمی کے لیے تقریباً 400 ہنسوں کو خصوصی طور پر تربیت دی گئی ہے۔ ان پرندوں کو اس طرح سدھایا گیا ہے کہ وہ بغیر کسی خوف کے کشتیوں کی رفتار کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے اڑتے ہیں۔ سیاح دورانِ سفر نہ صرف ان نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں بلکہ ان پرندوں کو ہاتھوں پر بٹھا کر خوراک بھی کھلاتے ہیں۔

ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ فطرت اور سیاحت کا یہ منفرد امتزاج علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے سیاحوں کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آبی اور جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق عوامی شعور بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔ یہ سرگرمی خطے میں ایک یادگار اور ماحول دوست سیاحتی ماڈل کے طور پر ابھر رہی ہے۔