شمالی کوریا کی ایٹمی طاقت کی نمائش، کم جونگ ان کا دوٹوک اعلان
پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے ایٹمی ہتھیاروں اور جوہری وار ہیڈز کی غیر معمولی نمائش کے ذریعے عالمی برادری کو اپنی دفاعی طاقت کا واضح پیغام دیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش مسترد کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ اس موقع پر کم جونگ ان نے ایٹمی ہتھیاروں کے تحقیقی ادارے اور ان کارخانوں کا دورہ کیا جہاں جوہری ہتھیاروں میں استعمال ہونے والا مواد تیار کیا جاتا ہے۔
دورے کے دوران جاری کی گئی تصاویر میں شمالی کوریا کے رہنما کو قطار میں رکھے جوہری وار ہیڈز کا معائنہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ان تصاویر میں وار ہیڈز کے پانچ مختلف ڈیزائن نمایاں ہیں، جن میں ایک غیر معمولی بڑے حجم کا وار ہیڈ بھی شامل ہے۔ اس نمائش کو شمالی کوریا کی جوہری صلاحیت اور اسلحہ سازی کے شعبے میں پیش رفت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
کم جونگ ان نے واضح کیا کہ شمالی کوریا کی ایٹمی صلاحیت اب محض دعویٰ نہیں بلکہ ایک عملی حقیقت بن چکی ہے اور ملک جوہری ہتھیاروں کی تیاری اور پیداواری صلاحیت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی ہتھیار قومی خودمختاری اور ملکی دفاع کیلئے ناگزیر ہیں اور شمالی کوریا اپنی جوہری طاقت سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا۔ ان کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیانگ یانگ مستقبل قریب میں بھی اپنے ایٹمی پروگرام کو جاری رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی اور عالمی سلامتی کے خدشات مزید بڑھ سکتے ہیں۔