امریکا ایران کی ناکہ بندی ختم کرنے اور فوجیں واپس بلانے پر مجبور ہو جائے گا، پاسداران انقلاب
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کی پاسداران انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے بدھ کے روز کہا ہے کہ فوجی تھکن اور بڑھتے ہوئے مالی اخراجات بالآخر امریکا کو ایران کی ناکہ بندی ختم کرنے اور خطے سے اپنی فوجیں واپس بلانے پر مجبور کر دیں گے۔ ان کے مطابق امریکی فوجی کمانڈروں کے بیانات سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن کے لیے ناکہ بندی جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
حسین محبی نے کہا کہ امریکی افواج کو فوجیوں کی تھکن، بھاری مالی اخراجات اور خطے میں فوجی کارکردگی میں کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی مسلح افواج اسلحے، وسائل اور حوصلے کے اعتبار سے مکمل طور پر تیار ہیں اور گزشتہ 15 سے 16 ماہ کے دوران اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا کو ابتدا میں توقع تھی کہ وہ ایک یا دو دن میں ایران کو جھکنے پر مجبور کر دے گا، تاہم ایسا نہیں ہو سکا۔ ان کے بقول واشنگٹن کو جلد احساس ہو جائے گا کہ ایران کی ناکہ بندی جاری رکھنے کی کوشش بھی بے سود ثابت ہوگی۔