پنجاب میں شہریوں پر چالانوں کی بھرمار
لاہور: (نیوز ڈیسک) پنجاب کے تمام اضلاع میں ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے کے دعوے سامنے آ گئے ہیں۔ ڈی آئی جی محمد وقاص نذیر کی حکمت عملی کے تحت یکم جولائی سے 25 نومبر تک 65 لاکھ سے زائد چالان کیے گئے۔ شہریوں کی جانب سے جرمانوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال 11 ماہ میں 489 مہلک حادثات ہوئے جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ تعداد 749 تھی۔ فیصل آباد میں 39، گوجرانوالہ میں 46 اور راولپنڈی میں 42 فیصد مہلک حادثات کم ہوئے ہیں۔ لاہور میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں مہلک حادثات میں 23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق عالمی درجہ بندی میں لاہور روڈ سیفٹی کے حوالے سے 20 درجے بہتر ہوا اور جنوبی ایشیاء کا نمایاں شہر قرار پایا۔ دیہی علاقوں میں حادثات کی روک تھام کیلئے پنجاب ہائی وے پٹرول کے ساتھ منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب ٹریفک چالانوں سے حاصل ہونے والی رقم بھی اربوں روپے تک پہنچنے کے دعوے سامنے آئے ہیں۔