ایلون مسک نے امریکہ کے ہر بچے کو اسپیس ایکس شیئر دینے کا اعلان کر دیا

image


کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈسک) دنیا کے سب سے  امیر ترین آدمی ایلون مسک نے ایک ایسا اعلان کیا ہے جس نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ مسک نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے ہر بچے کو اپنی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے 2 شیئرز دیں گے، ان شیئرز کی کل قیمت تقریباً 18 ارب ڈالر بنتی ہے۔ مسک نے بتایا کہ ایک شیئر اسپیس ایکس کمپنی کی طرف سے ملے گا اور دوسرا شیئر وہ اپنی ملکیت سے دیں گے۔

یہ شیئرز بچوں کو ٹرمپ اکاؤنٹ کے ذریعے ملیں گے۔ واضح رہے ٹرمپ اکاؤنٹ ایک ایسا پروگرام ہے جس کا مقصد 18 سال سے چھوٹے بچوں کو بچپن سے ہی پیسے جوڑنے اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری سکھانا ہے۔اب تک اس پروگرام میں تقریباً 7 کروڑ بچوں کے اکاؤنٹ کھل چکے ہیں۔

مسک نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ کمپنی کے شیئرز اگلے مہینے بچوں کے اکاؤنٹ میں ڈال دیے جائیں گے، لیکن مسک کے اپنے ذاتی شیئرز اگلے سال جون کے بعد ملیں گے، کیونکہ ان پر ابھی ایک پابندی لگی ہوئی ہے۔ اسپیس ایکس کا ایک شیئر اس وقت 127.44 ڈالر کا ہے۔ اسی حساب سے یہ پورا تحفہ 18 ارب ڈالر کا بنتا ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر میں بھی مسک نے ہر بچے کو ایک شیئر دینے کا کہا تھا۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ یہ ان کے کئی عطیات میں سے پہلا ہوگا۔ مسک کے پاس اسپیس ایکس کے تقریباً 6 ارب 42 کروڑ شیئرز ہیں۔ ان کی کل دولت تقریباً 824 ارب ڈالر ہے۔