اسرائیل کی طرف سے ایران کا قیمتی ترین میزائل دفاعی نظام تباہ کرنے کا دعویٰ

image

 اسرائیل نے ایران پر حملے میں ریمباج میزائل کا استعمال کیا، یہ میزائل ایرانی ریڈار پر نہیں آیا، ایران کا سب سے طاقتور دفاعی نظام مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

یروشلم: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے 2 روز قبل ایران کی اصفہان ایئربیس کو میزائل سے نشانہ بنایا، اسرائیل کی جانب سے دعوی کیا جارہا ہے کہ حملے میں ایران کا قیمتی ترین میزائل دفاعی نظام تباہ کردیا گیا ہے، اسرائیل نے اس حملے میں ریمباج میزائل کا استعمال کیا، بتایا جا رہا ہے کہ یہ میزائل ایرانی ریڈار پر نہیں آیا۔

ایران پر اسرائیلی حملے کے متعلق غیر ملکی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے یہ حملہ کیا، اصفہان میں ایران کا ایس-300 فضائی دفاع، جو اس کی اہم نطنز جوہری سائٹ کی حفاظت کرتا ہے، ایرانی فضائی حدود کے باہر سے داغے جانے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی نشاندہی کیے بغیر تباہ کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیویارک ٹائمز اخبار نے بھی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل نے جس ہتھیار سے ایرانی نطنز نیوکلیئر سائٹ کے فضائی دفاع کو نشانہ بنایا اس میں ایسی ٹیکنالوجی موجود تھی جو اسے ایرانی ریڈار سے بچنے کے قابل بناتی تھی، مغربی حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کا مقصد ایران کو یہ پیغام دینا تھا کہ اسرائیل ایرانی دفاعی نظام کو مفلوج کرسکتا ہے، امریکی سینیٹر مارکو روبیو نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ اسرائیل شام اور عراق کی فضائی حدود میں طیاروں سے ایرانی فضائی حدود میں داخل ہوئے بغیر ایران کے اندر اہداف پر حملے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔