سعودی عرب میں خواتین کو ہراساں کرنے والے اوباش نوجوانوں کے خلاف سخت احکامات جاری
خواتین کو چھیڑنے پر اوباشوں کو مقررہ سزا کے علاوہ گرفتار شدہ شخص کا نام مقامی میڈیا میں جاری کرنے کا حکم، سعودی شہری حلقوں نے ایسی مذموم حرکت کرنے والے افراد کے ناموں کی میڈیا میں تشہیر کو سراہا، سعودی عرب رواں ماہ مسلسل بارشوں کی زد میں ہے۔
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے خواتین کی عزت کو محفوظ رکھنے کیلئے انتہائی اہم اقدام اٹھایا ہے۔ سعودی وزارتِ داخلہ نے خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے جرم میں گرفتار افراد کو معاشرے میں عبرت کا نشان بنانے کیلئے مقررہ سزا کے علاوہ بھی انوکھی سزا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی وزارتِ داخلہ نے ایسے گھناؤنے فعل میں ملوث اوباشوں کو مقررہ سزا دینے کے علاوہ ناموں کی تشہیر شروع کر دی ہے۔
گزشتہ دنوں مکہ مکرمہ پولیس نے مصری تارک وطن ولید عبدالحمید کے نام کی تشہیر کی ہے جسے ایک خاتون کو چھیڑنے پر گرفتار کیا گیا تھا جبکہ جدہ پولیس نے ہادی حمد آل صلاح نامی سعودی شہری کو بھی ایک خاتون کو چھیڑنے پر گرفتار کیا جس کا نام میڈیا پر مشتہر کیا گیا۔ سعودی شہری حلقوں کی جانب سے ایسی مذموم حرکت کرنے والے افراد کے ناموں کی میڈیا میں تشہیر کے اقدام کو سراہا گیا ہے۔ اس حوالے سے فیملی پروٹکٹ پروگرام کے رکن عبدالرحمٰن القراش نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں معاشرتی اقدار کا بڑا خیال رکھا جاتا ہے جہاں نام کی تشہیر بہت بڑی سزا تصور کی جاتی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب رواں ماہ مسلسل بارشوں کی زد میں ہے، مملکت میں بادل کب تک برستے رہیں گے محکمہ موسمیات نے بتا دیا ہے۔ عرب میڈیا ’’الاخباریہ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکرز کے تجزیہ کار عقیل العقیل نے اپریل کے آخر تک مملکت میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ریاض ریجن بالخصوص مغربی اور جنوبی علاقوں میں اتوار اور پیر کو بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ موسمیات کے قومی مرکز نے آئندہ جمعرات تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ان میں نجران، جازان، باحہ عسیر اور مکہ ریجن کے کچھ علاقے شامل ہیں۔