غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے 200 روز مکمل ہوگئے

image

غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے 200 روز مکمل ہوگئے، حملوں کے نتیجے میں 34 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج نے 75 ہزار ٹن بارود غزہ پر برسایا۔

غزہ: (بین الاقوامی ڈیسک) مقبوضہ فلسطین کے محصور  علاقے غزہ میں 7 اکتوبر 2023  سے جاری اسرائیلی جارحیت کو 200 روز مکمل ہوگئے ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 200 روز کے دوران غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 34 ہزار 183 افراد شہید، جبکہ 77 ہزار 143 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی جنگ کے سب سے زیادہ شکار خواتین اور بچے ہوئے ہیں، اب تک شہید ہونے والے افراد میں 14 ہزار 500 سے زائد بچے اور 9 ہزار 500 خواتین شامل ہیں۔

خیال کیا جارہا ہے کہ شہدا کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے،  کیونکہ کئی لاشیں اب بھی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے میں دبی ہوسکتی ہیں۔ میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ان 200 روز میں غزہ پر 75 ہزار ٹن بارود برسا کر غزہ کی پٹی کے زیادہ تر  شہری انفرااسٹرکچر کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے۔ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں غزہ کے 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد رہائشی یونٹ اور  412  تعلیمی ادارے  تباہ ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے اسپتالوں کو بھی نہ بخشا، اسرائیلی حملوں نے غزہ کے 32 اسپتالوں اور 53 مراکز صحت کو ناقابل استمعال کردیا ہے، جبکہ اسرائیلی فوج نے 126 ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنایا۔ اسرائیلی حملوں میں غزہ کی 556 مساجد شہید اور 3 چرچ تباہ ہوگئے، جبکہ آثار قدیمہ کے 206 مقامات بھی اسرائیلی حملوں کی زد میں آئے۔ فلسطینی میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں غزہ میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ کم از کم 30 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔