جین چین نامی دریائی گھوڑی کی سچی داستان

image

جاپانی چڑیا گھر میں اپنی نوعیت کا عجیب واقعہ، 7 سال قبل درآمد کیا گیا دریائی گھوڑا دراصل گھوڑی نکلی، چڑیا گھر حکام نے ڈی این اے رپورٹ کے بعد تصدیق کر دی۔

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کے ایک چڑیا گھر کیلئے 7 سال قبل میکسیکو کی افریقن سفاری سے لایا جانے والا دریائی گھوڑا اب گھوڑی ثابت ہوا ہے۔ جین چین جو جب میکسیکو سے لایا گیا تھا تب اُس کی عمر 5 برس تھی۔ جب بڑی عمر میں بھی اس نے دریائی گھوڑوں (ہیپو پوٹیمس) جیسی طرزِ عمل اختیار نہ کی تب چڑیا گھر کے عملے کو شک گزرا۔ انہوں نے جب ایک ماہر کو بلا کر چیک اپ کروایا تو معلوم ہوا کہ جسے وہ دریائی گھوڑا سمجھ رہے تھے وہ تو دریائی گھوڑی ہے۔

’جین چین‘ اس وقت اوساکا ٹینوجی زو میں ہے۔ چڑیا گھر کی ویب سائٹ نے ’جین چین‘ کی اصل جنسی شناخت کے بارے میں ’سچی کہانی‘ بیان کر دی ہے۔ چڑیا گھر کے ایک عہدیدار نے معروف جریدے ’پیپل‘ کو بتایا کہ جب جانور کی درآمد سے متعلق دستاویزات کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ اُس میں اس ہیپو کو نر بتایا گیا تھا۔

جب جنس کے تعین کے حوالے سے علامات ظاہر نہ ہوئیں تو چڑیا گھر کی انتظامیہ نے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا۔ ڈی این اے ٹیسٹ سے ہیپو مادہ ثابت ہوگئی۔ اب چڑیا گھر کی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی جانور کی خریداری کے وقت جنس کے  تعین کیلئے 2 بار چیک اپ کیا جائے گا۔