ایرانی صدر کے انتقال پر پاکستان میں قومی پرچم سرنگوں

image

ایرانی صدر کے انتقال پر پاکستان میں قومی پرچم سرنگوں، صدر آصف زرداری نے ایرانی صدر کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال پر ملک بھر میں سوگ کے اعلان کے بعد پاکستانی سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں کردیا گیا۔ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ملک بھر میں یوم سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ صدرآصف زرداری نے بھی ایرانی صدر کی حادثے میں وفات پر صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے ابراہیم رئیسی کی موت پر اظہار تعزیت پیش کیا۔ انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کے بعد ہم پُر امید تھے کہ کوئی اچھی خبر موصول ہوگی، لیکن افسوس ایسا نہیں ہوسکا، جس پر ہم دل کی گہرائیوں سے افسردہ ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مرحوم ابراہیم رئیسی کے گزشتہ ماہ پاکستانی دورے کو یاد کرتے ہوئے اسے تاریخی قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی شہادت سے تقریباً ایک ماہ قبل ان کی میزبانی کرنے کا تاریخی موقع حاصل ہوا۔ انہوں نے ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے بہت اچھے دوست تھے۔