پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی اہم پریس کانفرنس

کسی بھی جماعت کو جیتی ہوئی نشستوں سے زیادہ سیٹیں دینا غیر مناسب، ہمیں ہمارے حصے کی مخصوص نشستیں نہیں دی گئیں، تمام امیدیں سپریم کورٹ کے ججز سے وابستہ ہیں۔
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر پریس کانفرنس سے گفتگو کی ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ کسی بھی جماعت کو جیتی ہوئی نشستوں سے زیادہ سیٹیں دینا درست نہیں۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 51 کے مطابق کسی بھی سیاسی جماعت کو زیادہ سے زیادہ وہ مخصوص نشستیں مل سکتی ہیں جو اس کی جیتی ہوئی سیٹوں کے مطابق ہوں۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے سخت حالات میں اپنے تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ انہوں نے کہا کہ کل 859 حلقوں میں سے ہم نے 828 میں اپنے امیدواروں کو ٹکٹیں دیں۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ خواتین کیلئے بھی ترجیحی لسٹ جاری کی گئی تھی، ان کو کاغذات فائل کرنے کو کہا گیا تھا، الیکشن کمیشن نے بدنیتی کرتے ہوئے خواتین کی اسکرونٹی مقررہ تاریخ تک نہیں کی تھی۔
پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جب ہم سیٹیں جیت کر آئے تو ہمارے امیدواروں نے سنی اتحاد میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے 780 پیجز پر مشتمل کاغذات فائل کیے لیکن الیکشن کمیشن نے انہیں تسلیم نہیں کیا، ہماری سیٹوں کے مطابق ہمیں مخصوص نشستیں نہیں ملیں، اسی لیے ہم سپریم کورٹ میں موجود ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اب ہماری امیدیں سپریم کورٹ کے ججز سے وابستہ ہیں۔